اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی ترقی میں اہم شراکت دار ہے، چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار چینی کمپنیوں کے نمائندوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے ان سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے دیرینہ اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، چین پاکستان کی ترقی میں اہم شراکت دار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کی ہر برے وقت میں مدد کی جس پر مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی عوام کی مشکور ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر محاذ پر چین کے ساتھ کھڑا رہے گا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی دینے کے حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو اسپیشل اکنامک زونز میں بی ٹو بی ٹرانزیکشنز کے تحت صنعتیں لگانے کی ترغیب دی ۔ انہوں نے چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان میں اپنی صنعتیں قائم کرنے کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک – II کے حوالےسے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، میرے آنے والے دورہ چین کا محور سی پی- II اور پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعلقات کا مزید فروغ ہو گا۔
وزیراعظم نے چینی وفد سے کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے جو ہمارے لیے انتہائی خوشی اوراطمینان کا باعث ہے، چین نے جس طرح 700 ملین افراد کو غربت سے نکالا وہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔