وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ کوئی بیماری کا بہانہ بنا کر سزاؤں میں معافی چاہتا ہے تو بھول جائے۔
ریلوے اسٹیشن پر پلیٹ فارم نمبر 4-5 کی اپ گریڈیشن اور افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ کسی کی بیماری کا مذاق نہیں اڑائیں گے لیکن کوئی بیمار ہے تو اس کا علاج ہونا چاہیے۔ ہاں اگر کوئی اس کو بہانہ بنا کر سزاؤں کی معافی چاہتا ہے تو اسے بھول جائے۔وہی ہوگا جو جیل رولز اجازت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ریلوے ٹریک کا ہے،چیلنجز ہیں لیکن ہم مقابلہ کریں گے۔ کبھی رونا دھونا نہیں کیا کہ ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں، جن افسران کو ٹارگٹس دیے انہوں نے 30جون تک حاصل کرنے ہیں ورنہ پر ان کو سیٹ پر رہنے کا حق نہیں ہو گا۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ٹاسک دیا ہے ٹریک کا۔ قازقستان ازبکستان کے صدور آئے تھے، ازبک صدر سے ہم نے ایک معاہدہ کیا تھا۔ قازقستان کے ساتھ ابھی معاہدہ کیا ہے کہ چمن، قندھار، ہرات، ترکمانستان سے 840 کلو میٹر فاصلہ ہے، یہ ٹارگٹ حاصل کرنے پر ہم سینٹرل ایشیا سے منسلک ہو جائیں گے۔











