ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کے خلاف جاری جنگ ختم کرنے کو تیار ہیں اگر ان کی طرف سے مضبوط ضمانتیں دی جائیں کہ مستقبل میں وہ دوبارہ حملہ نہیں کریں گے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے یورپی کونسل کے صدر انٹونیو کوسٹا سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اگر انہیں مضبوط ضمانتیں دی جائیں کہ مستقبل میں ان پر دوبارہ حملہ نہیں کیا جائے گا تو وہ امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف جاری لڑائی ختم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کو معمول پر لانے کا واحد حل یہ ہے کہ حملہ آور اپنی جارحانہ سرگرمیاں بند کریں، ہم نے کبھی کسی مرحلے پر کشیدگی یا جنگ کا آغاز نہیں کیا اور اگر مطلوبہ شرائط پوری ہو جائیں، خاص طور پر مستقبل میں حملے کی روک تھام کے لیے ضروری ضمانتیں، تو ہمارے پاس اس جنگ کو ختم کرنے کا عزم موجود ہے۔











