پنجاب حکومت نے صوبے میں ڈپٹی کمشنرز کی پروموشن ان کی کارکردگی سے مشروط کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پرائس کنٹرول اور دیگر امور کا جائزہ لینے سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں اشیا کے نرخ کے استحکام، ڈیولپمنٹ اسکیم، شادی کے کھانے میں ون ڈش کی پابندی، تعلیم اور صحت کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور صوبے بھر میں روٹی اور بریڈ کی مقررہ نرخ پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
مریم نواز نے کہا کہ روٹی کا سائز اور وزن کم ہونے کی شکایات نہیں ہونی چاہیے اور پرائس مقرر ہونے کے بعد عملدرآمد ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے انتظار گاہ ایریا میں شیڈ بنائے جائیں اور پنکھے بھی نصب کیے جائیں جبکہ مریضوں اور تیمارداروں کو صاف پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کسی شہر یا دیہات سے گندے پانی کے جوہڑ کی موجودگی کی شکایت ناقابل قبول ہے اور بچوں پر حملے کرنے والے آوارہ کتوں کے ہٹانے کی مہم جاری رکھی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں ڈپٹی کمشنرز کے پروموشن کو کارکردگی سے مشروط بناتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں خسرہ کی صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں اور خسرہ سے بچاؤ کے لیے جنگی بنیادوں پر ویکسی نیشن کی جائے۔