غزہ میں جنگ بندی کی تجویز ہمیں دوبارہ جنگ سے نہیں روک سکتی، اسرائیلی وزیراعظم

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کی تجویز ہمیں دوبارہ جنگ شروع کرنے سے نہیں روک سکتی۔
امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے غزہ کے حوالے سے پیش کی گئی جنگ روکنے کی تجویز کے حوالے سے ایک اسرائیلی اہلکار نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیلی ارکان کنیسٹ کو مطلع کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کی تجویز اپنی موجودہ شکل میں جنگ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ اگر حماس کے ساتھ مذاکرات آخری مرحلے میں ناکام ہو جاتے ہیں تو ہمارے پاس جنگ دوبارہ شروع کرنے کا آپشن موجود ہو گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے حامیوں کو یقین دلایا کہ یہ تجویز اسرائیل کو کسی بھی وقت لڑائی دوبارہ شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ جب اسے لگے گا کہ مذاکرات بے سود ہیں تو ہم غزہ میں جنگ دوبارہ چھیڑ دیں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے شرائط مکمل کرنے پر زور دیا کہ مذاکرات کے بعد کے مرحلے میں حماس کے زیر حراست تمام افراد کی رہائی، حماس کی عسکری صلاحیتوں کو تباہ کرنے اور غزہ کی پٹی پر اس کی حکمرانی کا خاتمہ ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں