تل ابیب: اسرائیلی فوجی اڈے میں گولہ بارود کے ذخیرے میں ہونے والے دھماکے سے آگ بھڑک اُٹھی اور ہر طرف افراتفری مچ گئی، اہلکار اور افسران خوف زدہ ہوکر بھاگ کھڑے ہوئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل جنوبی صحرائی علاقے میں قائم فوجی اڈے میں معمول کی ٹریننگ جاری تھی جس کے آخر میں اچانک زوردار دھماکا ہوگیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی۔ یہ آوازیں لگاتار اور متعدد بار سننے میں آئیں تاہم دھماکوں کی تعداد کا اندازہ نہیں ہوسکا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں 9 فوجی زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے اور وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا تاہم واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دھماکے ممکنہ طور گرنیڈ کے ڈپو میں ہوئے جس میں کئی گرنیڈز پھٹ گئے اور آگ لگنے سے صورت حال مزید خراب ہوگئی۔