ملک کے مختلف شہروں میں آج سے بارشوں کی پیشگوئی، انتظامیہ الرٹ

لاہور: بارشیں برسانے والا نیا نظام آج پاکستان میں انٹری دے گا،نئے نظام کے تحت آج رات سے ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف رواں دواں بارشیں برسانے والا یہ سسٹم اِس وقت بھارت میں بارشوں کا باعث بن رہا ہے، بارشوں کے باعث بھارت کی مختلف ریاستوں میں سیلاب کی کیفیت ہے، پاکستان پہنچنے کے بعد بارشیں برسانے والا نظام 7 مئی تک یہیں قیام کرے گا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہرِ لاہور کے افق پر آج بادلوں کا راج رہے گا، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، شہر میں آج وقفے وقفے سے بادل برسنے کے بھی امکانات ہیں۔

ادھر مون سون بارشوں و ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی ہدایت پر ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرے سے آگاہی بارے پمفلٹ ،سٹریمرز اور بینرز لگانے کی ہدایت کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں