بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ کے ایک دن بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے معاملات اور صورتحال میں مثبت تبدیلی چاہتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک سے جب ایک روز قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں سوال کیا گیا کہ کیا وہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر رہا کرنے کے اقوام متحدہ کے گروپ کی سفارشات کی حمایت کرتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ وہ ایک آزاد پینل کی سفارشات تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ عمران خان کی موجودہ صورتحال کو زیادہ مثبت انداز میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
عمران خان عدت کیس میں اڈیالہ جیل میں تقریباً ایک سال سے سزا کاٹ رہے ہیں، ان کے خلاف توشہ خانہ کے دو مقدمات میں سزائیں معطل کر دی گئی تھیں جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی انہیں سائفر کیس میں بری کر دیا تھا۔











