پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مریم نفیس نے بولڈ لباس پر تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنا دیں۔
ان دنوں اداکارہ مریم نفیس شوہر کے ہمراہ لندن کے سیر سپاٹوں میں مصروف ہیں جہاں وہ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے ذریعے مداحوں کو اپنی مصروفیات سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔
گزشتہ دنوں اداکارہ مریم نفیس نے اپنے آفیشل انسٹاگرام سے اپنی چند تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں جن میں وہ مغربی لباس زیب تن کیے نظر آئیں، انہیں تصاویر میں سے ایک تصویر میں اداکارہ کو لندن کے مشہور زمانہ بریج پر بولڈ لباس زیب تن کیے آئس کریم کھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تصویر پر کمنٹس کرتے ہوئے جہاں بہت سے صارفین نے مریم نفیس کی خوبصورتی کی تعریف کی وہیں ناقدین نے انہیں بولڈ لباس پہننے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
ایک صارف نے لکھا کہ “جب غیر ملکی افراد پاکستان آتے ہیں تو وہ یہاں کے روایتی کپڑے پہنتے ہیں اور جب پاکستانی باہر جاتے ہیں تو ان کے لباس چھوٹے ہو جاتے ہیں”۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ہونے والی تنقید پر مریم نفیس خاموش نہ رہ سکیں اور انہوں نے انسٹاگرام پر سٹوری میں اس کا منہ توڑ جواب دیا۔
مریم نفیس نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں غیر ملکی خواتین کے مقامی لباس پہننے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس کی وجہ پاکستانی مردوں کی تاڑنے کی عادت کو قرار دیا۔
انہوں نے لکھا کہ “اس میں کوئی فخر کی بات نہیں ہے، انہیں اپنے آپ کو ڈھکنا پڑتا ہے تاکہ آپ انہیں تاڑ تاڑ کر مر نہ جائیں”۔