پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ اتنا کھلا چانس کسی کو نہیں ملا جتنا بابراعظم کو ملا ہے۔
ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کھیلنے کیلئے لندن میں موجود شاہد آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اتنا کھلا چانس کسی کپتان نہیں ملا ورنہ جیسے ہی ورلڈ کپ ختم ہوتا ہے سب سے پہلے کپتان کے اُوپر چھری پھیری جاتی ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم نے بھی کپتانی کی ہے جیسے کہ یونس خان ہے مصباح الحق ہے مگر کافی عرصہ ہوگیا بابر کو کافی چانس مل گئے ہیں لہٰذا اب ایک ہی دفعہ سرجری کریں اور جو بھی لے کر آرہے ہیں اُسے پورا ٹائم دیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ بابراعظم نے تو دو تین ورلڈکپ سمیت دو تین ایشا کپ کھیلے جہاں اسے کافی زبردست موقع ملا۔
قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن وہاب ریاض اور عبد الرزاق کو سبکدوش کئے جانے کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ ایمانداری کی بات ہے یہ والی سرجری مجھے سمجھ میں نہیں آئی۔