لاہور: ایک شخص کو مسلط کرنے کےلیے آئینی ترمیم کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سردار لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ ایک شخص کو مسلط کرنے کےلیے آئینی ترمیم کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔
کاہنہ میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ پچھلے ہفتے شب خون مارنے کی کوشش کی گئی، اس میں ناکامی ہوئی تو آرڈیننس کے ذریعے کھیل کھیلا گیا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 8 فروری کو جو فریب ہوا اس کی بنیاد پر جھوٹی حکومت قائم کی گئی اور یہ جھوٹی حکومت آئین میں ترامیم کر رہی ہے اس کےخلاف کھڑا ہونا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے کہا کہ آپ راستے بند کرکے بھی لوگوں کو جلسے میں آنے سے نہ روک سکے، اڈيالہ جیل جاکر معافی مانگو۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا حقیقی آزادی کےلیے لڑنا ہے، عدلیہ کا ساتھ دینا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے سوا کچھ نہيں چلے گا، عوام کچھ قبول نہیں کریں گے، عوام کی آواز سنو، نقارہ خدا کو سمجھو، راستے بند نہ کرو، راستے نکالو۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام کو عوام سے نہيں لڑوانا، ادارے کو ادارے سے نہيں لڑوانا، خدارا ہوش کے ناخن لیں۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے نعیم پنجوتھہ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی سے درخواست کی تھی کہ جلسے سے ان کی جان چھڑوائیں، لیکن بانی پی ٹی آئی نے سختی سے منع کردیا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ علی امین اس کے باوجود وقت پر جلسے میں نہ پہنچے، تحریک انصاف دنیا بھر میں ایکسپوز ہوچکی ہے۔