سوات، سفارتکاروں کے قافلے میں شامل پولیس وین پر حملہ،1 اہلکار شہید، 3 زخمی
اطلاعات کے مطابق سوات میں پولیس وین کے قریب بم دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سوات مالم جبہ روڈ پر بم حملے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ جہان آباد کے مقام پر ہوا جس کے نتیجے میں میں کانسٹیبل برہان شہید اور تین اہلکار سرزمین، حسین گل اور امان اللہ زخمی ہو گئے اور پولیس موبائل کو بھی کافی نقصان پہنچا۔
اس قافلے میں بوسنیا، روس، ویتنام، ایتھوپیا، روانڈا، زمبابوے، انڈونیشیا، ازبکستان، ترکمانستان، قازقستان اور پرتگال کے سفارت کار شامل تھے۔ تمام سفارت کار مکمل طور پر محفوظ رہے۔
پولیس وین پر بم دھماکے میں زخمی اور شہید پولیس اہلکار کی میت سیدو شریف اسپتال منتقل کردی گئی ہے جبکہ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق آج سوات اور مالم جبہ سے اسلام آباد واپس آتے ہوئے سفارتکاروں کے سیکیورٹی قافلے پر حملہ ہوا، اس طرح کے واقعات دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
ترجمان کے مطابق قافلے میں شامل پولیس کی وین پر آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا، جبکہ تمام سفارتکار بحفاظت اسلام آباد واپس پہنچ گئے ہیں۔
وزارت خارجہ نے شہید اہلکار کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور حملے میں زخمی ہونے والے تین پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ سوات مالم جبہ روڈ پر بم حملے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ میں قافلے میں شامل بوسنیا، روس، ویتنام، ایتھوپیا، روانڈا، زمبابوے، انڈونیشیا، ازبکستان، ترکمانستان، قازقستان اور پرتگال کے سفارت کار مکمل طور پر محفوظ رہے۔