پاکستان کی شدید مذمت

لبنان پر اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں پر پاکستان کی شدید مذمت

اسلام آباد: لبنان پر اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں پر پاکستان کی شدید مذمت
پاکستان نے لبنان پر اسرائیلی کی وحشیانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کو فوری طور پر جواب دہ ٹھہرائے، جہاں تازہ حملوں اب تک سیکڑوں افراد شہید ہوچکے ہیں۔
ترجمان دفتر ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے اسرائیل کی لبنان پر تازہ ترین جارحیت، جس میں سیکڑوں بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا گیا، کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان پر یہ جارحیت اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ ایک خطرناک فعل ہے جو پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے میں امن و سلامتی کو مزید خطرے میں ڈال رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور لبنان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم لبنان کے حقِ امن و سلامتی کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
پاکستان کی شدید مذمت
انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ خطے میں اسرائیل کی خطرناک مہم جوئی اور اس کی جارحیت اور نسل کشی کے اقدامات پر اسے فوری طور پر جواب دہ ٹھہرائے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی لبنان میں وحشیانہ بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 558 افراد شہید اور 1600 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوج نے اندھا دھند بم برسا دیے جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 558 ہو گئی ہے جبکہ 1600 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت نازک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں