واشنگٹن:آئی ایم ایف سے پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کی منظوری
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق ایگزیکٹیو بورڈ نے واشنگٹن کے ہیڈ آفس میں ہونے والے اجلاس میں جائزہ مشن اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے اسٹاف سطع کے معاہدے اور پاکستان کیلئے قرض پروگرام کی بھی منظوری دی۔
ایگزیکٹیو بورڈ نے منظوری کے بعد 1.1 ارب ڈالر کی پہلی قسط جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ پاکستان کیلئے نیا قرض پروگرام 37 ماہ پر محیط ہوگا۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پیکیج کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معاشی اصلاحات کا نفاذ تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے یونہی محنت جاری رکھیں گے پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند اور معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سفارتی محاذ پر کامیابیوں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلات زر میں اضافہ ان کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے جس پر پاکستانی برادری کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر یونہی محنت جاری رہی تو انشاء اللہ یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا وزیرِ اعظم نے آئی ایم ایف پیکیج کے حوالے معاونت فراہم کرنے والے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے مینجنگ ڈائیریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا. واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط پوری کردی ہیں۔