نیوریارک، امریکہ: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے جرائم پر اسے جوابدہ بنانا ہو گا۔
نیویارک میں سلامتی کونسل کے مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم کی عالمی سطح پر مذمت ہونی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعات حل نہ کرنے سے ہمارا مستقبل تاریک ہو سکتا ہے، یوکرین جنگ کو پھیلاؤ سے روکنا ہو گا۔
وزیر اعظم نے اسرائیلی طیاروں کی بیروت پر بمباری کی شدید مذمت کی اور کہا کہ طاقت کا غیر ضروری استعمال ہر گز برداشت نہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ افریقی ممالک میں دہشتگردی کے خلاف سلامتی کونسل مدد کرے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کشمیر کے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانا ہو گا، مسئلہ جموں وکشمیر حل نہ ہونے سے علاقائی امن کو خطرہ ہے۔
حکومت نے پاکستانی شہریوں کو لبنان کا سفر نہ کرنے پر زور دیتے ہوئے جاری ٹریول ایڈوائزری میں وہاں موجود پاکستانیوں کو انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے دفتر سے ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے.
اس ایڈوائزری میں کہا گیا کہ لبنان میں ہونے والے حالیہ حملوں کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کو سختی سے تجویز دی جاتی ہے کہ وہ اگلے نوٹس تک لبنان کا سفر نہ کریں۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ لبنان میں موجود پاکستانیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بیروت میں پاکستانی سفارت خانے سے بدستور رابطے میں رہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ لبنان میں اس وقت موجود پاکستانیوں کو ہدایت کی گئی ہے کمرشل پروازوں کے ذریعے بیرون ملک کا سفر کریں جو اس وقت وہاں دستیاب ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ جو لوگ کسی وجہ سے لبنان نہیں چھوڑ سکتے انہیں تجویز دی جاتی ہے کہ انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔