مولانا فضل الرحمٰن جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آئندہ 5سال کیلئے بلامقابلہ امیر اور مولانا عبدالغفور حیدری بلامقابلہ جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔
جے یو آئی کی مرکزی جنرل کونسل کے تمام ارکان کی طرف سے دونوں رہنماوں کو متفقہ طور پر پانچ سال کے لیے امیر اور جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا ہے۔
جے یو آئی کے انتخابات میں ملک بھر سے 1500 کے لگ بھگ مرکزی کونسل کے ارکان شریک ہوئے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جے یوآئی کی مرکزی مجلس عمومی کا اجلاس مفتی محمود مرکز پشاور میں ہوا جس میں ملک بھر سے اراکین مجلس عمومی نے بھرپور شرکت کی۔
مولانا محمد امجد خان، مولانا خلیل احمد نے مرکزی امیر کے لیے مولانا فضل الرحمان کا نام پیش کیا تو اراکین عمومی نے کھڑے ہو کر تائید کرتے ہوئے نعرے لگائے جبکہ سیکریٹری جنرل کے لیے مولانا عبد الغفور حیدری کا نام مولانا راشد خالد محمود سومرو اور مولانا جمیل الرحمٰن درخواستی درویش کی طرف سے پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ فضل الرحمٰن نے 1980 میں پارٹی کی قیادت سنبھالی تھی اور تب سے پارٹی کی سربراہی مولانا فضل الرحمٰن کے پاس ہی چلی آ رہی ہے۔
فضل الرحمان اور عبدالغفور حیدری کسی اور امیدوار کے مدمقابل نہ ہونے کی وجہ سے بلامقابلہ منتخب ہوئے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولانا عطاء الرحمان جے یو آئی خیبر پختونخوا کے پارٹی انتخابات میں 5 سال کے لیے صوبائی امیر منتخب ہوئے تھے۔
چند روز قبل الیکشن کمیشن نے جے یو آئی کو پارٹی انتخابات کروا کر تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
خیبر پختون خوا، بلوچستان، سندھ، پنجاب، جی بی اور اسلام آباد کے انتخابات بھی مکمل ہو چکے ہیں۔