بابر اعظم

بابر اعظم نے کپتانی کیوں چھوڑی، وجوہات منظر عام پر آ گئیں

ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بابر اعظم کی ٹی20 فارمیٹ میں کپتانی کے حق میں نہیں تھے، وہ چاہتے تھے کہ بابر صرف ون ڈے فارمیٹ کی کپتانی کریں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی کپتانی چھوڑنے کی وجوہات منظر عام پر آئیں ہیں، ذرائع کے مطابق وائٹ بال ٹیم کے ہیڈکوچ گیری کرسٹن کی خواہش تھی کہ بابراعظم صرف ون ڈے فارمیٹ کیلئے کپتانی کرتے رہیں اور اس مقصد کیلئے انہوں نے ٹی20 ورلڈکپ کے بعد اپنی رپورٹ میں اسٹار کرکٹر کو مختصر فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹانے کا ذکر کیا تھا۔

ہیڈکوچ گیری کرسٹن نے بابر اعظم سے ملاقاتوں میں بھی اپنی حکمت عملی کا ذکر کیا تھا کہ وہ ان سے کیا چاہتے ہیں اور اور اگلے ٹی20 ورلڈکپ کیلئے ان کی کیا سوچ ہے۔
بابراعظم کسی ایک فارمیٹ کا کپتان بننے کے حق میں نہیں تھے، اہم معاملات میں ان سے مشاورت بھی نہیں ہو رہی تھی، جس کا شکوہ بابر اعظم نے ایک پی سی بی حکام سے بھی کیا تھا کہ بورڈ کا ان سے رویہ پہلے جیسا والا نہیں رہا۔

گیری کرسٹن ٹی20 کرکٹ میں نوجوان کرکٹرز کو آگے لانے کے خواہشمند ہیں اور ٹی20 فارمیٹ کیلئے ترجیح محمد حارث ہو سکتی ہے جبکہ بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد محمد رضوان کو ون ڈے فارمیٹ کی قیادت سونپی جانے کا قوی امکان ہے۔

محمد رضوان پہلے مرحلے میں دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیموں کی مشاورت کا حصہ ہوں گے۔ پاکستانی ٹیم نومبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جس میں 4 نومبر سے 18 نومبر تک 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی20 میچز کھیلے جائیںگے۔

ہیڈکوچ گیری کرسٹن 2026 کے ٹی20 ورلڈکپ کو فوکس کرکے ان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے خواہشمند ہیں جو جدید طرز کی کرکٹ کھیلنے کے ماہر اور ورلڈکپ کے میچز میں اچھی پرفارمنس دے کر کامیابیاں سمیت سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں