آیت اللہ خامنہ ای

آیت اللہ خامنہ ای کا اسرائیل کو انتباہ: اگلا حملہ زیادہ تکلیف دہ ہو گا

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران طاقت کا دوسرا نام ہے، اسرائیل ایران کے ساتھ تصادم سے گریز کرے، اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ تکلیف پہنچائے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے نیتن یاہو کو عبرانی زبان میں سخت پیغام دینے ہوئے کہا کہ ایرانی حملہ اسرائیلی جارحیت کا فیصلہ کن جواب ہے، حملہ ایران کے مفاد میں کیا، نیتن یاہو کو سمجھ جانا چاہئے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب ملے گا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ عبرانی زبان میں کی ہے اور یہ پوسٹ ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل برسانے کے بعد کی گئی۔

اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر کے ایکس کے آفیشل اکانٹ سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے بنی میزائلوں کی تصویر پوسٹ کی گئی اور اس پر نصر من اللہ و فتح قریب درج ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہے گا۔

ادھر ایران کے چیف آف سٹاف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگر ان کی سرزمین پر حملہ ہوا تو اسرائیل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق میجر جنرل محمد باقری نے سرکاری ٹی وی پر کہا ہے کہ میزائلوں کی بوچھاڑ بڑی شدت کے ساتھ دہرائی جائے گی اور یہودی حکومت کے تمام بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائیں گے۔

واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے جو اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے فائر ہوئے، جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے، میزائل حملوں کے بعد اسرائیلیوں نے بنکرز میں پناہ لی تھی، بہت زیادہ نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں