مشی خان جو کہ ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ ہیں، انہوں نے بھارتی اداکارہ وانی کپور کے ساتھ فلم کرنے پر پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
فواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی ایک ساتھ پہلی فلم عبیر گلال کی شوٹنگ جاری ہے، اس خبر کی تصدیق ایک بیرون ملک تفریحی اشاعت میں جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لندن اور اس کے مضافات کے مختلف مقامات پر اس فلم کی شوٹنگ ہو رہی ہے۔
اس فلم کی پروڈکشن برطانیہ میں اکتوبر اور نومبر کے دوران بھی جاری رہے گی، اس فلم کی ریلیز 2025 کے آخر یا 2026 کے اوائل میں متوقع ہے۔
اس حوالے سے یہ بھی اطلاعات ہیں کہ فلم کی کاسٹ میں ملائیکہ اروڑہ اور ردھی ڈوگرا بھی شامل ہیں، جو کہ اگلے ماہ برطانیہ میں شوٹنگ میں مصروف کے ساتھ شامل ہونے والی ہیں۔
فواد خان اور وانی کپور کی فلم کی شوٹنگ کی خبر سامنے آتے ہی جہاں مداحوں کی طرف سے بھرپور خوشی کا اظہار کیا گیا ہے تو وہیں پاکستانی اداکارہ مشی خان شدید ناخوش نظر آئیں اور انہوں نے اس حوالے سے فواد خان پر شدید تنقید بھی کر ڈالی۔
مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں فواد خان اور وانی کپور کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بڑے ہی افسوس کی بات ہے کہ اداکار فواد خان اپنے ملک میں تو اے لسٹ اداکارائوں کے ساتھ میگا پراجیکٹس میں کام کرنے سے بھی انکار کردیتے ہیں اور اب بھارت کی ایک ایسی اداکارہ کے ساتھ کام کررہے ہیں جو بالکل بھی مشہور نہیں ہے اور ایک غیر معروف اداکارہ ہے۔
واضح رہے کہ فواد خان نے 2014 میں بالی ووڈ فلم خوبصورت سے بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا رکھا تھا جبکہ ان کی آخری بالی ووڈ فلم 2016 میں ریلیز ہونے والی اے دل ہے مشکل نامی فلم تھی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی شدید کشیدگی کے باعث ہندوستان میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔