جاوید اختر

پہلی شادی کیوں ناکام ہوئی، جاوید اختر نے بڑی وجہ بتا دی

بالی ووڈ کے معروف شاعر اور رائٹر جاوید اختر نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پہلی شادی ناکام ہونے کی وجہ شراب نوشی کی عادت تھی۔
جاوید اختر نے ہنی ایرانی کے ساتھ اپنی پہلی شادی کی ناکامی کی وجہ بتاکر اب تک کے پچھلے تمام دعوئوں میں خود کو قصوروار ٹھہرائے جانے کا الزام سچ ثابت کردیا۔ انھوں نے اپنی پہلی شادی کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے شادی ٹوٹنے کا الزام اپنے سر لے لیا۔
اس سے قبل بھی ایک انٹرویو میں جاوید اختر نے کہا تھا کہ اس شادی کی ناکامی میں تقریبا قصور میرا ہی تھا، جتنی سمجھ بوجھ مجھے آج ہے اگر اس وقت ہوتی تو معاملات خراب نہ ہوتے۔ اس وقت تو انہوں نے اپنا قصور واضح نہیں کیا تھا تاہم حالیہ انٹرویو میں ہنی ایرانی کے ساتھ علیحدگی کی وجہ بتا ہی دی۔
شادی کی ناکامی کی وجہ شراب نوشی کی عادت کو قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شراب نوشی کی لت کے غیر ذمے دارانہ رویے کی وجہ سے شادی ناکامی سے دوچار ہوئی۔

جاوید اختر اپنی کہانیوں کے باعث بالی وڈ انڈسٹری کے نامور رائٹرز میں شمار ہوتے ہیں تاہم ان کی نجی زندگی بھی ڈھکی چھپی نہیں۔ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میں نے زندگی کے دس قیمتی سال شراب پینے میں برباد کر دئیے، جو میں کسی مثبت اور تعمیری مقصد کے لیے استعمال کر سکتا تھا، انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ اگر آپ شراب پیتے ہیں تو چھوڑ دیں، کیونکہ میری زندگی میں جتنی بڑی غلطیاں ہوئیں وہ شراب پینے کے دوران ہی ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی پہلی شادی کی ناکامی کا افسوس ہے۔ اسے بچایا جا سکتا تھا لیکن میری شراب نوشی نے مجھے برباد کر دیا، کیونکہ جب آپ نشے میں ہوتے ہیں تو جذباتی فیصلے لیتے ہیں اور ایسے مسائل پر جھگڑا شروع کر دیتے ہیں جو دراصل بڑے مسائل نہیں ہوتے۔
یاد رہے کہ جاوید اختر کی پہلی شادی ہنی ایرانی کے ساتھ ہوئی تھی جن سے ان کے دو بچے فرحان اختر اور زویا اختر ہیں۔ جبکہ ہنی ایرانی سے علیحدگی کے بعد انہوں نے 9 دسمبر 1984 کو شبانہ اعظمی کے ساتھ دوسری شادی کر لی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں