صبا قمر کو ایک بڑا اعزاز حاصل ہوا ہے، جس کے مطابق اقوام متحدہ کے بچوں کی فلاح و بہبود کے ادارے یونیسیف نے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کو ملک کا پہلا بچوں کا قومی سفیر تعینات کر دیا ہے۔
اس حوالے سے معروف پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں بچوں کے ساتھ گزارے گئے خوب صورت لمحات بھی شیئر کئے ہیں۔
صبا قمر نے بچوںکے ساتھ گزارے گئے لمحات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس ہفتے کچھ انتہائی حیرت انگیز لوگوں سے میری ملاقات ہوئی اور کچھ شاندار اور نئے تجربات بھی ہوئے۔
اس حوالے سے میرے پاس شیئر کرنے کے لیے بہت ساری کہانیاں بھی ہیں، جو کہ بہت جلد اپنے فینز کے ساتھ شیئر کروں گی۔
انہوں نے یونیسیف کے پلیٹ فارم سے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں عالمی ادارے کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ یونیسیف کی جانب سے پاکستان میں پہلی بار بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کسی کو قومی سفیر تعینات کیا گیا ہے اور یہ خوش قسمتی اداکارہ صبا قمر کے حصے میں آئی ہے۔
اداکارہ پاکستان کی بچوں کی صلاح و بہبود کی سفیر کی حیثیت سے ملکی و عالمی سطح پر مختلف پلیٹ فارمز میں یونیسیف کے تحت بچوں کے مسائل کو سامنے لانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گی۔