مکی آرتھر

مکی آرتھر کی پاکستانی پلیئرز کی کارکردگی میں بہتری کیلئے نئی تجاویز کیا ہیں؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں، انہیں مستقل مزاجی، مناسب ماحول اور بہتر انتظامی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔
انگلینڈ سے شکست کے بعد مکی آرتھر نے سوشل میڈیا پر پاکستان کرکٹ کے فالوور کے طور پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو اچھا ماحول ملے گا تو وہ بہترین کارکردگی بھی دکھائیں گے، میڈیا پر کی گئی منفی باتیں اور ایجنڈے ٹیم کے حق میں کسی طور بھی ٹھیک نہیں۔

کھلاڑیوں کی حد سے زیادہ تشہیر ان کے ذہنوں میں غلط فہمی پیدا کرتی ہے اور وہ خود کو اصلیت سے زیادہ بڑا سمجھنے لگ جاتے ہیں، پاکستان کے لیے کھیلنا ہی سب سے بہترین وقت ہونا چاہیے۔
مکی آرتھر نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی بلکہ ٹیم کے مورال اور کارکردگی پر منفی اثرات ڈالنے والے عوامل کا بھی تفصیل کے ساتھ ذکر کیا ہے۔

مکی آرتھر کے مطابق پاکستانی کھلاڑی بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور وہی درست کھلاڑی ہیں جو اس وقت میدان میں موجود ہونے چاہئیں لیکن ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے لیے ضروری ہے کہ انتخاب، ماحول اور انتظامیہ میں تسلسل یقینی بنایا جائے۔
اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایک واضح ڈھانچے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مکمل فوکس کے ساتھ میدان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔

آرتھر کا کہنا ہے کہ میڈیا اور بعض مخصوص حلقوں کی جانب سے ہونے والی منفی بیان بازی ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو صحیح سمت میں استعمال کرنے کے لیے ایک منظم اور پروفیشنل ماحول کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ پوری توجہ کے ساتھ اپنی بھرپور کارکردگی دکھا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں