اداکار شہود علوی کے مطابق شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے کے صرف دو طریقے ہیں یا تو آپ پروڈکشن ہائوسز کے بار بار چکر لگاتے رہیں یا پھر آپ کے پاس پرچی ہو۔
شوبز انڈسٹری کے تعلق رکھنے والے معروف اداکار شہود علوی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ بھی پرچی کے بذریعے ہی شوبز انڈسٹری میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے تھے
ایک نجی چینل کے پروگرام میں اقربا پروری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار شہود علوی نے کہا کہ شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے کے لئے صرف دو ہی طریقے رائج ہو چکے ہیں یا تو آپ پروڈکشن ہائوسز کے بار بار چکر لگاتے رہیں یا پھر آپ کے پاس کوئی اچھی سی پرچی ہونی چاہئے۔
اداکار نے پروگرام کے دوران اعتراف کیا کہ وہ بھی شوبز میں پرچی کے ذریعے داخل ہوئے تھے۔ اداکار کے بقول میرے انکل پروڈیوسر اقبال انصاری مجھے اداکاری کے شعبے میں لے کر آئے تھے۔مجھے یہ تسلیم کرنے میں کوئی بھی عار نہیں ہے کہ شوبز انڈسٹری میں میرا داخلہ ایک پرچی کے ذریعے ہی ہوا تھا۔ تاہم اب مجھے شوبز میں کام کرتے ہوئے 30 برس بیت چکے ہیں۔
اداکار شہود علوی نے پروگرام کے دوران بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پرچی آپ کو شوبز انڈسٹری میں داخلہ تو دلوا سکتی ہے لیکن یہ آپ کا ٹیلنٹ اور لوگوں کی محبت ہی ہوتی ہے جس کی وجہ سے آپ مسلسل اتنے برسوں تک شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے اپنی جگہ برقرار رکھ سکتے ہیں۔
بصورت دیگر اگر آپ کے پاس ٹیلنٹ ہی نہیں ہے تو آپ بہت جلد لوگوں کے دلوں سے اتر جائیںگے اور پھر آپ کے لئے شوبز انڈسٹری میں کوئی جگہ نہیں رہے گی۔