ناقص فارم کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہونے والے سابق کپتان بابراعظم بھی کامران غلام کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے۔
ملتان میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سابق کپتان بابراعظم کی جگہ کامران غلام کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا اور اپنے ڈیبیو میچ میں ہی 118 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناقدین کے منہ بند کردئیے۔
نوجوان بیٹر کامران غلام نے ڈیبیو پر سنچری کرنے والے 13ویں پاکستانی بلے باز بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے،
سالگرہ والے دن سابق کپتان بابراعظم نے اپنے متبادل نوجوان بیٹر کامران غلام کی پہلے ٹیسٹ میچ کی شاندار اننگز کی تعریف کی اور فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر تعریفی اسٹوری بھی شیئر کر ڈالی۔
انہوں نے نوجوان بیٹر کامران غلام کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اچھا کھیلا کامران!
خیال رہے کہ مسلسل ناقص پرفارمنس دکھانے اور 18 سے زائد اننگز کھیلنے کے باوجود ففٹی یا اس سے زائد اسکور نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کو آرام کروایا گیا ہے تاکہ وہ ذہنی تنائو سے چھٹکارا حاصل کر سکیں۔ اور بعد ازاں اپنی سابق کارکردگی بحال کرتے ہوئے دوبارہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بن کر اپنا کردار بخوبی ادا کر سکیں۔
کامران غلام کا اپنی کارکردگی کے حوالے سے کہنا ہے کہ میں چار سال سے موقع ملنے کا منتظر تھا، اس کے علاوہ مجھے بابر اعظم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اس لیے اچھی کارکردگی دکھانا ضروری تھا.