سابق بھارتی کرکٹر اجے جڈیجا کو گجرات کے جام نگر تخت کا وارث قرار دے دیا گیا، انہیں 1ہزار 450کروڑ روپے سے زائد دولت وراثت میں ملے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دسہرہ کے موقع پر نوانا نگر کے مہاراجہ جامصاحب نے سابق بھارتی کرکٹر اجے جڈیجا کو 1 ہزار 450 کروڑ روپے سے زائد دولت کا وارث قرار دیتے ہوئے خوشی کا بھی اظہار کیا ہے۔
اتنی بھاری رقم ملنے کے بعد اجے جڈیجا بھارت میں کھیلوں میں سب سے زیادہ امیر ترین شخصیت بن جائیں گے، سابق بھارتی کرکٹر حیران کن طور پر ویرات کوہلی کو دولت میں پیچھے چھوڑ سکتے ہیں جنکی مجموعی مالیت کا تخمینہ تقریبا 1 ہزار کروڑ کے لگ بھگ ہلے۔
بھارت میں ہونے والے ڈومیسٹک ایونٹ رنجی ٹرافی اور دلیپ ٹرافی کا نام بھی اجے جڈیجہ کے رشتہ داروں کے ایس رنجیت سنگھ اور کے ایس دلیپ سنگھ کے نام پر ہی رکھا گیا ہے۔
اجے جڈیجا نے 1992 سے 2000 تک بھارتی ٹیم کیلئے 196 ون ڈے اور 15 ٹیسٹ میچز کھیلے۔ وہ شاہی خاندان کی اولاد ہیں، ان کے والد دولت سنگھ جڈیجا جام نگر سے 3 بار رکن اسمبلی بھی منتخب ہو چکے ہیں۔
مہاراجہ جامصاحب نے اپنے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اجے جڈیجہ کی بدولت اپنا ایک بہترین وارث مل گیا ہے، جام نگر کے لوگوں کی خدمت کی ذمہ داری اٹھانا ہمارے لئے واقعی ایک اعزاز ہے۔
خود مہاراجا صاحب بھی ایک سابق کرکٹر رہ چکے ہیں جنہوں نے رنجی ٹرافی میں سوراشٹرا کی کپتانی کی تھی۔ انہوں نے 1966میں نواں نگر کی وارثت سنبھالی تھی۔ ان کے خاندان کا سلسلہ کرکٹر رنجیت سنگھ جڈیجہ سے ملتا ہے، جنہوں نے 1907 سے 1933 تک نواں نگر پر حکومت کی تھی۔