پاکستان کرکٹ ٹیم

پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی ایک بار پھر تبدیل، تعداد 5تک محدود

کرکٹ بورد نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 5 سلیکٹرز کو ہی مکمل طور پر با اختیار بناتے ہوئے پلینگ الیون منتخب کرنے کا حق بھی سونپ دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سلیکشن کمیٹی ایک بار پھر تبدیل کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی کی تعداد 7 سے کم کر کے صرف 5 ارکان تک محدود کر دی ہے۔

کپتان اور ہیڈ کوچ کو 15 رکنی ٹیم کے ساتھ پلینگ الیون منتخب کرنے کے حوالے سے ووٹنگ رائٹس سے بھی محروم کرتے ہوئے ان کے ہاتھ باندھ دیئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے ارکان عاقب جاوید، علیم ڈار، اظہر علی، اسد شفیق اور حسن چیمہ کو پہلی بار تمام اختیارات سونپ دیئے گئے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے 15رکنی سکواڈ میں کس کو شامل ہونا چاہیے، اس کا فیصلہ اب یہ پانچوں سلیکٹرز ہی کیا کریں گے۔ کس میچ میں کون سی پلینگ الیون کھیلے گی، یہ فیصلہ کرنا بھی اب ان پانچوں سلیکٹرز کی صوابدید ہو گی۔ اس حوالے سے پندرہ رکنی ٹیموں کے ساتھ 11ارکان کا انتخاب کرتے وقت عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار، اسد شفیق اور حسن چیمہ ٹیم کپتان اور ہیڈکوچ کے ساتھ مشاورت ضرور کیا کریں گے۔ اس حوالے سے سلیکٹرز ٹیم انتظامیہ کی رائے ضرور لیا کریں گے تاہم حتمی فیصلہ سازی کا مکمل اختیار ان کا اپنا ہو گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سلیکٹرز کا چنائو کرتے وقت پہلی بار اپنی ویب سائٹ پر جو سلیکشن کمیٹی اپ ڈیٹ کی تھی، اس میں اس وقت علیم ڈار، عاقب جاوید، اظہر علی، اسد شفیق اور حسن چیمہ کے ساتھ ایکس آفیسو اور نان ووٹنگ رائٹس ممبر کے طور پر اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود، ایڈوائزر ٹو چیئرمین بلال افضل، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل آپریشنز عثمان واہلہ کے نام بھی شامل تھے۔

2 گھنٹے بعد اس کو مزید اپ ڈیٹ کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی ارکان میں کپتان اور ہیڈ کوچ کا بھی بطور ووٹنگ ممبر اضافہ کیا اور اب تیسری بار اس میں تبدیلی کر کے کپتان اور ہیڈ کوچ کے ساتھ نان ووٹنگ ارکان اظہر محمود، ندیم خان، بلال افضل اور عثمان واہلہ کو بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔

پی سی بی آفیشل ذرائع کے مطابق ویب سائٹ پر جو سلیکشن کمیٹی اب ڈیٹ کی گئی ہے، وہ ہی اب فائنل کمیٹی ہے اور تمام اختیارات بھی رکھتی ہے۔

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے اسد شفیق، حسن چیمہ، کپتان اور ہیڈ کوچ نے جس ٹیم کا انتخاب کیا تھا، اسے ایک اننگز اور 47 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس پر پی سی بی نے عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار کو بطور سلیکٹرز سامنے لانے کا اعلان کیا تھا۔ نئے ممبران کی مشاورت سے منتخب کردہ ٹیم میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور سرفراز احمد کو آرام کرواتے ہوئے حسیب اللہ ، مہران ممتاز، کامران غلام ، فاسٹ بولر محمد علی اور آف اسپنر ساجد خان کو شامل کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں