بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول نے اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دور کے بارے میں شاہ رخ خان کے حوالے سے دلچسپ انکشاف کر کے سب کو حیران کر دیا۔
انڈیا ٹوڈے کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کاجول نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی تیسری فلم کے بعد اداکاری چھوڑنے کا ارادہ کر چکی تھیں، ابتدائی فلموں میں مسلسل جذباتی مناظر فلمانے اور سخت محنت نے انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر بری طرح تھکا دیا تھا۔
کاجول نے اس حوالے سے بتایا کہ میں نے اپنی ماں سے کہہ دیا تھا کہ میں اب بری طرح تھک گئی ہوں، بس اب میں مزید کام نہیں کروں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں 18 سال کی عمر میں ہی مکمل طور پر ختم ہو گئی تھی، اس وقت میں نے ہلکی پھلکی فلموں میں کام کرنے کا ارادہ کرتے ہوئے غنڈا راج اور ہلچل جیسی فلمیں سائن کر لی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ فلم بازیگر میں کام کرنے والے اداکار شاہ رخ خان نے انہیں ایک مشورہ دیا جس کے نتیجہ میں ان کی زندگی کا رخ ہی بدل گیا۔ اس موقع پر اداکار شاہ رخ خان نے کہا کہ تم کو اداکاری سیکھنی ہو گی تاکہ تم اس فن سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہو سکو۔
کاجول کے مطابق ابتدا میں اسے یہ بات سمجھ میں نہ آئی، لیکن بعد میں میں نے محسوس کیا کہ اداکاری کی تکنیک سیکھنا میرے لئے بہت ضروری ہے۔ یہی تبدیلی ان کے کیریئر کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوئی اور پھر اس کے بعد کاجول بالی ووڈ میں ایک کامیاب اور مضبوط مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
کاجول کے مطابق وہ اب اپنی آنے والی نیٹ فلکس تھرلر دو پتی کی تیاری میں مصروف ہیں، اس میں ان کے ساتھ کریتی سینن بھی نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ کاجول کی ایک اور فلم سرزمین بھی ریلیز کے لیے تیار ہے، اس فلم کو کرن جوہر نے پروڈیوس کیا ہے۔