آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ اور حکومت نے مذموم مقاصد کے لئے ایک مرتبہ پھر پروپیگنڈا خبریں پھیلانا شروع کر دی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھارت کے انکار کے لئے پاکستان ذہنی طور پر تیار ہے تاہم ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور سے منتقل نہیں کیا جائے گا، چاہے بھارت ایونٹ کے فائنل میں ہی جگہ کیوں نہ بنا لے۔
ان رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی بھارت کے پاکستان میں نہ کھیلنے کی صورت میں بھی فائنل لاہور میں کروانا چاہتا ہے جبکہ چیئرمین پی سی بی میٹنگ میں بھارت کے ملک میں نہ کھیلنے پر فائنل کی میزبانی لاہور میں ہی کروانے کو ترجیح قرار دے چکے ہیں۔
دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ممبران کا اجلاس 18 سے 21 اکتوبر تک جاری رہے گا جس میں چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی شرکت کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان سامنے آ سکتا ہے۔
دوسری جانب اجلاس میں پی سی بی حکام آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی تیاریوں اور اب تک ہونے والے تعمیراتی کام پر بھی آئی سی سی ممبران کو تفصیلی طور پر بریفنگ دیں گے جبکہ دیگر بورڈز کا بیان بھی اس حوالے سے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہو گا۔
اس حوالے سے پی سی بی حکام بھی مکمل طور پر پر عزم ہیں کہ یہ میگا ایونٹ پاکستان میں ہی ہو گا اور اس میگا ایونٹ میں پاکستان شاندار میزبانی کے فرائض بخوبی طور پر ادا کرے گا، تاہم اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی کوئی چال چلنے کی کوشش ضرور کرے گا تاکہ یہ میگا ایونٹ پاکستان سے باہر کہیں اور شفٹ ہو سکے۔