معروف اداکار فردوس جمال کے مطابق فیملی کو اس لیے چھوڑ دیا کہ انہیں میری وجہ سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، بچوں کی زندگی میں سکون ہے اور وہ اپنے راستے پر اچھا کر رہے ہیں۔
معروف پاکستانی اداکار نے حال ہی میں اپنی زندگی کے ایک اہم باب کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے جو محسوس کیا وہ کہا، میں اپنے جذبات اور خیالات کو چھپانے کا عادی نہیں ہوں۔
ڈرامہ منچلے کا سودا، وارث، سائبان شیشے کا، انا اور پیارے افضل جیسے مشہور ڈراموں میں یادگار کردار ادا کرنے والے نامور اداکار فردوس جمال نے بتایا کہ دسمبر 2022 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، اس کے خلاف بھرپور طریقے سے جنگ لڑی اور صحت یاب ہونے پر میں اپنی فیملی سے دوری اختیار کر چکا ہوں۔
اس حوالے سے ان کا مزید کہنا ہے کہ “میں نے اپنی فیملی کو اس لیے چھوڑا ہے کہ ان کو میری وجہ سے کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، کیونکہ بچوں کی زندگی میں سکون ہے اور وہ اپنے راستے پر اچھا کر رہے ہیں۔”
اپنے اس فیصلے کے حوالے سے مزید بات چیت کرتے ہوئے معروف اداکار نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کی فیملی بھی “ان کی غیر موجودگی میں زیادہ پرسکون انداز میں زندگی گزار رہی ہے۔”
انہوں نے اپنے ان خیالات پر قائم رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے مزید کہا کہ میں نے جو بھی محسوس کیا وہ کہا اور کیا۔ میرے بچے یا دوسرے لوگ اپنے الگ خیالات رکھتے ہوں گے، مگر میں اپنے جذبات اور خیالات کو چھپانے کا عادی ہرگز بھی نہیں ہوں۔