اگر کوئی ویڈیو کافی عرصے تک نہ دیکھی جائے تو انسٹا گرام اس کی کوالٹی کو کم کر دیتا ہے جبکہ اگر کوئی ویڈیو مقبول ہو جائے تو اس کا پہلے والا معیار ہی واپس بحال ہو جائے گا۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام کی طرف سے اپنے ویڈیو فیچر میں اہم تبدیلی کی گئی ہے، جس کے مطابق اب آپ کی طرف سے اپ لوڈ کی گئی کسی بھی ویڈیو کا معیار ویڈیو کی مقبولیت پر منحصر ہو گا۔
اس حوالے سے حال ہی میں ایک سیشن کے دوران مذکورہ پلیٹ فارم کے ہیڈ ایڈم موسیری نے تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ویڈیو کافی عرصے تک نہ دیکھی جائے تو پلیٹ فارم اس کی کوالٹی کو کم کر دیتا ہے جبکہ اگر کوئی ویڈیو مقبول ہو جائے تو اس کا معیار بھی فوری طور پر واپس بحال ہو جاتا ہے۔
ایڈم موسیری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مذکورہ فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم پر معیار میں کمی کا ہونا ایک مجموعی سطح پر کام کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی سمجھتی ہے کہ ان تخلیق کاروں کو بہتر کوالٹی ملنی چاہئے جو زیادہ ویوز رکھتے ہیں۔ یہ کوئی بائنری تھریشولڈ نہیں بلکہ ایک سلائیڈنگ اسکیل ہے۔
عام زبان میں یوں کہہ لیں کہ انسٹاگرام ویڈیو کی کوالٹی میں تبدیلی اپنے سرور پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے کرتا ہے تاکہ توانائی کو بچایا جا سکے۔ ہلکی کوالٹی کی فائلیں زیادہ اسٹوریج نہیں لیتی جس سے کمپنی بڑے پیمانے پر اسٹوریج بچانے میں کامیاب ہو جائے گی۔