چینی کمپنی

چینی کمپنی کی کونکرڈ سے زیادہ رفتار والے طیارے کی کامیاب آزمائشی پرواز

چینی کمپنی کے مطابق وہ ایسے کمرشل طیارے کی آزمائش کر رہی ہے جو دنیا کے پہلے سپر سونک مسافر طیارے کونکرڈ سے دگنی رفتار کا حامل ہے اور اس فل سائز جیٹ طیارے کو 2027 میں متعارف کرانے کا ارادہ ہے۔

بیجنگ کی مقامی اسپیس ٹرانسپورٹیشن کمپنی لِنگکونگ ٹائنشنگ نے اس حوالے سے اعلان کیا ہے کہ کمپنی نے اپنے یونشنگ پروٹوٹائپ طیارے کی آزمائشی پرواز کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔ یہ طیارہ ماک 4 رفتار یعنی تقریبا 3069 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

سائوتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق چینی کمپنی آئندہ ماہ طیارے کے انجن کے فالو اپ ٹیسٹ کا منصوبہ بنا رہی ہے جبکہ کمپنی فل سائز جیٹ طیارے کو 2027 میں متعارف کرانے کے لئے بھی پرعزم ہے۔

ایوی ایشن انڈسٹری میں جب کونکرڈ طیارے کو متعارف کرایا گیا تھا، اس وقت اس نے سپر سونک سفر کے تمام ریکارڈز کو توڑ دیا تھا اور ایوی ایشن ٹیکنالوجی میں یہ فن پارہ آج تک سب سے آگے ہے۔تاہم اب چینی کمپنی نے ماک 4 کی رفتار سے اڑنے والا کمرشل طیارہ بنا کر کونکرڈ کا ریکارڈ 1330میل فی گھنٹہ توڑنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق کمپنی نے دعوی کیا ہے کہ یہ طیارہ بیجنگ سے نیو یارک کے درمیان سفر دو گھنٹوں کے اندر مکمل کرنے کی صلاحیت کا حامل ہو گا۔ نیا طیارہ اپنے اندر متعدد فیچرز بھی رکھتا ہے۔ ان میں عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیت اور 20ہزار میٹر کی بلندی پر پرواز کی صلاحیت بھی شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں