پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف

پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف تیسری مرتبہ عالمی اسنوکر چیمپین بن گئے

آئی بی ایس عالمی اسنوکر چیمپئین شپ کے سنسنی خیز فائنل میں ایشین چیمپئین ایران کے علی گھر غوزلو کو پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے 3-5 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

قطر میں ہونے والی آئی بی ایس عالمی اسنوکر چیمپئین شپ کے سنسنی خیز فائنل میں پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے 9 فریمز پر مشتمل فائنل میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے حریف کھلاڑی کو بے بس کر دیا اور فتح اپنے نام کر لی، اس کامیابی کے ساتھ ہی محمد آصف تیسری مرتبہ عالمی اسنوکر چیمپین بن گئے ہیں۔

محمد آصف نے اس فتح کے ساتھ ہی بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ بھی کامیابی کے ساتھ برابر کر دیا ہے۔

پاکستانی کیوئسٹ نے اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 سینچری بریک کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے، انہوں نے قبرص کے کھلاڑی مائیکل جورجیو کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ محمد آصف نے پہلی مرتبہ 2012 میں آئی بی ایس ایف عالمی اسنوکر چیمپین شپ جیتی تھی جبکہ 2019 میں دوسری دفعہ عالمی اسنوکر چیمپین بننے میں کامیاب ہوئے تھے۔عالمی چیمپیئن شپ میں محمد آصف متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی محمد شہاب کو 1-4سے شکست دے کر فائنل فور میں پہنچے تھے۔

پاکستان اسنوکر اینڈ بلئیرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ اور دیگر عہدے داروں نے محمد آصف کو شاندار فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی طرح مسلسل تیسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے والے محمد آصف کو بھی بھرپور پذیرائی ملے گی اور ان کو بھی انعامات دئیے جائیںگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں