اٹلی کا 60 سالہ شہری ہٹ اینڈ رن کار حادثہ کے بعد کوما میں چلا گیا، اب کوما سے بیدار ہونے کے بعد اسے یقین ہے کہ وہ 24 سال کا ہے
اٹلی میں ایک افسوسناک واقعے میں کار حادثہ کے شکار شہری کی 39 سالہ یادداشت چلی گئی۔ 60 سالہ ہٹ اینڈ رن حادثے کے بعد اپنی زندگی کو معمول پر لانے کیلئے جدوجہد کر رہا ہے جس نے اپنے آپ سے متعلق اور اہلخانہ سے متعلق سمیت 39 سالہ تمام یادداشت گنوا دی ہے۔
اس حوالے سے آپ 1980 کی دہائی میں رہنے کا تصور کریں اور پھر اچانک آج کے دور میں اپنی آنکھ کھولیں۔ اسمارٹ فونز، خودکار گاڑیاں، مصنوعی ذہانت، انٹرنیٹ یا سوشل میڈیا جیسی چیزیں حقیقی زندگی کے سائنس فکشن کی طرح محسوس ہوں گی۔ ہر وہ شخص جسے آپ جانتے تھے اب یا تو مر چکے ہوں گے یا شکل و صورت تبدیل ہو چکی ہو گی۔
یہ کسی ہالی ووڈ فلم کا پلاٹ محسوس ہوتا ہے لیکن یہ ایک اطالوی شخص لوسیانو ڈی ایڈامو کی زندگی کی کہانی ہے جو 2019 میں ہٹ اینڈ رن حادثے کے بعد گزشتہ 39 سال کی یادوں سے محروم ہو چکا ہے، کوما سے بیدار ہونے کے بعد اسے یقین تھا کہ وہ 24 سال کا ہے اور اپنی 19 سالہ منگیتر سے شادی کا منتظر بھی تھا۔
لوسیانو اپنے سامنے کھڑی بوڑھی عورت کو نہیں پہچان پایا جو کہ اس کی بیوی تھی۔ اس 30 سالہ آدمی کو بھی پہچان نہیں پایا جو اسے بابا کہہ کر بلا رہا تھا۔ اس کے علاوہ وہ آئینے میں خود اپنا آپ دیکھ کر ڈر گیا جہاں نوجوان شخص کے بجائے بوڑھے شخص کا عکس تھا۔