صائم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچز کی ون ڈے سیریز 1-1 سے برابر کر لی۔
دوسرا ون ڈے میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا جس میں کینگروز کے 164 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق پاکستان کو 137 رنز کا شاندار آغاز فراہم کرنے میں کامیاب رہے۔
صائم نے 82 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جبکہ عبداللہ شفیق 64 رنز اور بابر اعظم 15 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ قرار پائے۔آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ ایڈم زمپا نے حاصل کی۔
قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوئی، اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنا چاہا تاہم 21 کے مجموعی اسکور پر جیک فریزر-میک گرک 13 رنز بنا کر شاہین کے ہاتھوں شکار ہو گئے جبکہ میتھیو شارٹ بھی 19 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔
آسٹریلوی بیٹر جوش انگلس 18 ، مارنس 6، اسٹیو 35، آرون 13، گلین 16، پیٹ کمنز 13، ایڈم زمپا 18، مچل اسٹارک ایک رن ہی بنا پائے۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے حارث رئوف نے 5 ، شاہین آفریدی نے 3 جبکہ محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے قبل ازیں آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہو گی میچ جیت کر سیریز کو برابر کر لیں۔ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، کھلاڑیوں کو مزید موقع دینا چاہتے ہیں۔
جبکہ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ میچ جیت کر سیریز میں فتح کو یقینی بنانا چاہتے ہیں، پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی ہے، شان ایبٹ کی جگہ جوش ہیزل ووڈ کھیلیں گے۔