آئینی بینچ

آئینی بینچ کی تشکیل کے معاملے پر اجلاس، مقدمات کی درجہ بندی کا حکم

سپریم کورٹ میں سربراہ آئینی بینچ جسٹس امین الدین خان نے آئینی بینچ کی تشکیل کے تناظر میں مقدمات کی فوری طورر پر درجہ بندی کی ہدایت کر دی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آئینی بینچ کی تشکیل اور ورکنگ کے معاملہ پر سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کے چیمبر میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اس اجلاس کے دوران آئینی بینچ کی ورکنگ اور طریقہ کار پر غور کیا گیا۔

اس خصوصی اجلاس میں آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کو سٹاف کی جانب سے آئینی مقدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ 184(1) ،184(3) ، 186 اور انسانی حقوق کے مقدمات پر بھی تفصیل کے ساتھ بحث ہوئی۔

سپریم کورٹ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ سربراہ آئینی بینچ نے مقدمات کی درجہ بندی کی ہدایت کر دی اور مقدمات کو مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ سربراہ آئینی بنچ دو سینئر ججز سے مل کر مقدمات مقرر کریں گے، تین رکنی ججز کمیٹی کم از کم پانچ ججز پر مشتمل بینچ تشکیل دے گی۔

خیال رہے کہ کمیٹی کے ایک رکن جج بیرون ملک ہیں، رکن جج کی وطن واپسی پر کمیٹی کا اجلاس ہو گا اور آئینی بینچ کی تشکیل اور ورکنگ پر مزید مشاورت کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں