ہمیں تحریری طورپر بتایا جائے کہ انڈین ٹیم آخر کس وجہ سے پاکستان میں چیمپئینز ٹرافی کھیلنے سے انکار کر رہا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ
پاکستان میں چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی عدم شرکت پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے ای میل کے ذریعے جواب مانگ لیا۔ذرائع کے مطابق حکومتی ہدایات کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو ای میل کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ای میل میں آئی سی سی سے پوچھا گیا ہے کہ آپ نے زبانی طور پر بھارتی ٹیم کے پاکستان میں چیمپئینز ٹرافی نہ کھیلنے کا بتایا، ہمیں یہ تحریری طورپر بتایا جائے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے باعث ابھی تک ٹرافی کے شیڈول کا اعلان بھی نہیں ہو سکا جبکہ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں صرف 100 سے بھی کم دن باقی ہیں۔
آئی سی سی ٹورنامنٹ کی تیاری کے حوالے سے پاکستان میں اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کا کام بھی آخری مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔اس کے علاوہ حکومت پاکستان نے بھی اس بار بھارت کو سخت جواب دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آنے سے انکار پر پی سی بی کو بھی بھارت کے ساتھ کسی بھی ایونٹ میں ٹیم نہ بھیجنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آئی سی سی ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم نے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر پاکستان آنے سے انکار کیا جس پر دونوں بورڈز میں تعلقات مزید خراب ہو گئے جبکہ ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل پر کروانے کی تجویز سامنے آئی جس پر پاکستان نے صاف انکار کر دیا۔
اس وقت بھارتی ٹیم کے انکار کے بعد ٹورنامنٹ کا مستقبل غیر یقینی نظر آ رہا ہے کیونکہ پاکستان نے بھی ہر محاذ پر بھارت کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایونٹ کو ملک میں ہی کروانے کا عزم ظاہر کیا ہے جس میں بھارت کے علاوہ کسی اور ٹیم یعنی سری لنکا کو شامل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔