اے آر رحمان

اے آر رحمان کا اہلیہ سے طلاق کے بعد مداحوں کیلئے دل شکستہ پیغام وائرل

سائرہ بانو کی وکیل کی جانب سے سائرہ کی 29 برس کی شادی کے بعد اے آر رحمان سے راہیں جدا کرنے کی اطلاع گزشتہ روز دی گئی تھی ۔
بھارت کے مشہور موسیقار و گلوکار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد موسیقار رحمان نے بھی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے ایک دکھ بھرا پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔

گزشتہ روز سائرہ بانو نے وکیل کے ذریعے 29 برس کی شادی کے بعد اپنے شوہر موسیقار و گلو کار رحمان سے راہیں جدا کرنے کی اطلاع دی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ یہ مشکل فیصلہ ان کے تعلقات میں پیچیدگی کے باعث باہمی رضامندی سے طے پایا ہے جس پر AR رحمان کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔

بھارت کے مشہور موسیقار و گلوکارنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ پیغام میں لکھا کہ انہوں نے امید کی تھی کہ یہ رشتہ 30برس بھی پورے کرے گا لیکن ایسا نہیں ہو سکا، ہر چیز کو ایک دن اختتام پر پہنچنا ہوتا ہے۔

انہوں نے اس مشکل وقت میں ان کے خاندان کی پرائیویسی کا خیال رکھنے اور ساتھ دینے پر دوستوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں کیونکہ ٹوٹے ہوئے دل واپس جڑ نہیں سکتے۔

یاد رہے کہ بھارتی موسیقار و گلوکار AR رحمان 1995 میں سائزہ بانو سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جن سے ان کے 3 بچے بھی ہیں۔ موسیقار کے مداحوں کی جانب سے دونوں کیلئے نیک تمنائوں کے ساتھ ساتھ شادی کی 3 دہائیوں بعد ہونے والی علیحدگی پر افسوس کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں