ایل جی کی اس نئی لچکدار اسکرین کو کھینچ کر 18 انچ تک بڑا کیا جا سکتا ہے جبکہ اسے مستقبل میں کپڑوں پر بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
ٹیکنالوجی کمپنی ایل جی نے اپنی نئی لچکدار اسکرین کی رونمائی کر دی ہے۔ ایل جی کی یہ نئی اسکرین کھینچ کر 18 انچ تک بڑا کئے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ ایل جی کمپنی کے ماہرین کے مطابق مستقبل میں کپڑوں پر بھی استعمال کرنے کے قابل بنا دیا جائے گا۔
ایل جی کمپنی اس ٹیکنالوجی پر پچھلے کئی برسوں سے کام کرنے میں مصروف تھی، ایل جی کے ڈسپلے ڈویژن کی جانب سے پیش کیا جانے والا تازہ ترین پروٹو ٹائپ مڑ سکتا ہے، اس کو بل بھی دیا جاسکتا ہے اور 12 سے 18 انچز کے درمیان کھینچ کر بڑا یا چھوٹا بھی کیا جا سکتا ہے۔
ایل جی ڈسپلے کے دعوے کے مطابق اس اسکرین کو 10 ہزار بار سے زیادہ بار کھینچا جا سکتا ہے اور اس کے باوجود تصویر کی کوالٹی برقرار رہے گی۔ یہاں تک کہ سخت ماحول جیسے کہ کم یا زیادہ درجہ حرارت میں بیرونی شاکس میں بھی یہ درست کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کورین ٹیک فرم کے دعوے کے مطابق یہ دنیا کا پہلا اسٹریچ ایبل ڈسپلے ہے اور یہ اسٹریچ ایبل ڈسپلے اپنے اصلی سائز سے 50 فی صد زیادہ تک پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ٹیکنالوجی کمپنی ایل جی کی جانب سے جب پہلی بار اس منصوبے کی رونمائی 2022 میں کی گئی تھی اس وقت یہ اپنے اصلی سائز سے 20 فی صد زیادہ تک بڑھ سکتی تھی تاہم اب اس کو مزید اپ گریڈ کرتے ہوئے اس کی کوالٹی بھی مزید بہتر بنا دی گئی ہے۔