اپنی نئی فلم “ونواس” کی تشہیر کے دوران بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر نے انیل کپور کے ساتھ ایک دلچسپ گفتگو کے دوران یہ انکشاف کیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں 1989 کی بلاک بسٹر فلم “پرندا” میں جیکی شروف کے ذریعے ریپلیس کر دیا گیا تھا، اس فلم میں انیل کپور کے بڑے بھائی کا کردار میں کر رہا تھا، اس سلسلے میں ہم نے ریہرسل بھی کی لیکن بعد میں انیل کپور کی وجہ سے جیکی آ گیا۔ تاہم میں ان کا شکر گزار بھی ہوں کیونکہ اسی وجہ سے بعد میں مجھے انا کا کردار ادا کرنے کا موقع بھی ملا۔
اس موقع پر انیل کپور نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ وہ شروع سے کاسٹنگ کے شعبے میں بھی کام کرتے آئے ہیں اور اس فلم کے موقع پر انہیں لگا کہ بڑے بھائی کے کردار کے لیے جیکی شروف زیادہ موزوں رہیں گے، تاہم یہ ہدایتکار کا فیصلہ ہوتا ہے، میں نے صرف اپنی رائے کا اظہار کیا تھا، مجھے لگا کہ جیکی بہتر انتخاب ہے۔
بالی ووڈ کے سینئر اداکار نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد وہ 19 سال تک انیل کپور کے ساتھ کسی فلم میں بھی کام نہیں کرنا چاہتے تھے۔ “میں نے کہا یہ آدمی بکواس ہے۔ اس کے ساتھ میں نے کوئی فلم نہیں کی۔ 19 سال بعد ہم نے “ویلکم” میں ساتھ کام کیا۔”
یاد رہے کہ ہدایتکار ودھو ونود چوپڑا کی فلم “پرندا” کو حقیقت پر مبنی سینما کا نقطہ آغاز کہا جاتا ہے۔ اس بلاک بسٹر فلم نے نیشنل فلم ایوارڈز سمیت کئی اعزازات جیتے، جن میں نانا پاٹیکر کو ملنے والا بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔