معروف اداکار شان نے اپنی فٹنس کی جدوجہد کے حوالے سے تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جو وائرل ہوئیں تو صارفین نے ناپسندیدگی کا اظہار کر دیا۔
اداکار شان کی طرف سے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر باتھ روم سے کچھ تصاویر شیئر کی گئیں جن میں وہ بغیر شرٹ کے نظر آئے، کچھ مداحوں نے یہ تصاویر دیکھ کر ان کی فٹنس کی تعریف کی جبکہ بعض لوگوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
اداکار نے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک جوابی پیغام سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیا جس میں انہوں نے ٹرولز کی تنقید کا بھرپور جواب دیا ہے۔
انہوں نے اپنے اس پیغام میں لکھا کہ مردوں اور عورتوں کو اگرچہ خالق نے برابر بنایا ہے، لیکن دونوں کو مختلف تحفے بھی دئیے گئے ہیں۔ مردوں کو جسمانی طاقت جبکہ عورتوں کو خوبصورتی، صبر، نرمی، طاقت اور حیا کی دولت سے نوازا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ میں اس وقت 50 سال کی عمر میں اسکرپٹ کے مطابق اپنی شکل بدلنے کی کوشش کرتا رہتا ہوں اور یہ میرا کام بھی ہے۔ خدا کا شکر ہے کہ مجھے صحت اور جسم کی دیکھ بھال کرنے کی طاقت ملی ہوئی ہے اور وہ اپنی عمر کے لوگوں کو فٹنس کے حوالے سے ترغیب دینے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا کے اپنے ناقدین کو جواب میں مزید کہا کہ دنیا میں مردوں کو شرٹ لیس ہونے کا حق حاصل ہے اور اگر کوئی اس حق کو بدلنا چاہے تو اسے ب ھی اپنے خیالات پوسٹ کر کے اس کا اظہار کرنے کی آزادی حاصل ہے۔