31دسمبر کے بعد کوئی بھی افغان شہری بغیر این او سی کے اسلام آباد میں نہیں رہ سکے گا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی میڈیا ٹاک
وفاقی دارالحکومت میں زیر تعمیر ایف ایٹ انڈر پاس کی سائٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد معمول پر آ چکا، فلائی اوور، انڈر پاس کا ٹارگٹ 60 دن ہے۔ ایف نائن روڈ پہلے کھول دیں گے۔ ایف نائن سائیڈ پر کام جاری ہے۔
جب سے مظاہرین بھاگے ہیں، تب سے شور ڈالا ہوا ہے کہ اتنی لاشیں فلاں اسپتال میں پڑی ہیں۔ مظاہرین کسی بھی ایک اپنی لاش کانام بتا دیں لیکن ان کو اپنی شرمندگی چھپانے کا کوئی طریقہ نہیں مل رہا۔ میں تو پوچھ رہا ہوں کہ مظاہرین سے کہ آپ کا کون سے بندہ مرا ہے، اس کا نام بتا دیں۔ ہم ہائی کورٹ میں مظاہرین کے حوالے سے اپنی جامع رپورٹ جمع کروائیں گے۔
اس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عاطف بن اکرم نے پمز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شرپسندوں کے حملے میں زخمی رینجرز، ایف سی اور پولیس افسران و جوانوں کی عیادت کرتے ہوئے خیریت دریافت کی۔
محسن نقوی اور ڈی جی رینجرز پنجاب تمام زخمی افسران و جوانوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔ زخمیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آپ قوم کے ہیرو ہیں، آپ نے شرپسندوں کے عزائم ناکام بنائے، ہمیں آپ کی بہادری پر مان ہے۔ شرانگیزی کے باوجود آپ نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے زخمی جوانوں کے بہترین علاج معالجے کے سلسلے میں ڈاکٹرز کو ہدایات بھی دیں۔