نظام تنفس کی ایک مخصوص بیماری میں مبتلا 57 سالہ خاتون میں دنیا کا پہلا روبوٹک پھیپھڑوں کا ٹرانسپلانٹ انجام دیا گیا جو کامیاب ہوا۔
ماہرین صحت کے مطابق پیوندکاری کے سلسلے میں یہ تازہ ترین اختراع دنیا بھر میں پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کی پیوند کاری کی سرجری میں ایک انقلابی لمحہ ثابت ہو گا۔
دنیا کا پہلا روبوٹک پھیپھڑوں کا ٹرانسپلانٹ اکتوبر میں سر انجام دیا گیا اور اس کامیابی سرجری کو نیویارک یونیورسٹی میں ڈاکٹر سٹیفنی چانگ نے کی لیڈ کیا۔ ڈاکٹر سٹیفنی چانگ نے ہی صرف ایک ماہ قبل مکمل طور پر روبوٹک سنگل پھیپھڑوں کی پیوند کاری بھی کی تھی جو کہ ملک کا پہلا کیس تھا۔
اس سلسلے میں نظام تنفس کی ایک مخصوص بیماری (COPD) میں مبتلا ہونے والے ایک 57 سالہ خاتون میں یہ روبوٹک ڈبل پھیپھڑوں کا ٹرانسپلانٹ انجام دیا گیا۔
اس حوالے سے نیویارک یونیورسٹی سکول آف میڈیسن میں کارڈیو تھوراسک سرجری کے سربراہ ڈاکٹر رالف موسکا کا کہنا ہے کہ یہ تازہ ترین اختراع دنیا بھر میں پھیپھڑوں کی پیوند کاری کی سرجری میں ایک انقلابی لمحہ بن گیا ہے اور اس کے نتیجہ میں مریضوں کی دیکھ بھال میں ایک نئے دور کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔
پیوندکاری کے سلسلے میں مریض شیرل مہرکر کی مہینوں کی محتاط جانچ کی گئی اور اس کے بعد انہیں ٹرانسپلانٹ وصول کنندہ کی فہرست میں شامل کیا گیا اور پھر اس کے چار دن بعد ان میں ڈبل لنگز ٹرانسپلانٹ کر دیا گیا جو کہ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔