نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے موسم کا الرٹ جاری، جس کے مطابق نئی مغربی لہر پاکستان بھر میں بارش، برفباری اور سموگ کا سبب بنے گی۔
نئی مغربی لہرآج سے ملک کے مغربی حصوں پر اثر انداز ہونا شروع ہو جائے گی، این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس مغربی لہر کے نتیجہ میں ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش، برفباری کا بھی امکان ہے۔
اس کے نتیجہ میں خطہ پوٹھوہار اور اس کے گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن سمیت بالائی خیبر پختونخوا میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان کافی زیادہ ہے، ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔
علاوہ ازیں صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب بھر کے میدانی علاقوں میں زیادہ تر موسم خشک ہی رہنے کا امکان ہے تاہم سموگ اور دھند بھی برقرار رہنے کا بہت زیادہ امکان ہے۔ شمالی اور پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں کو اس موسم کے دوران پھسلن والی سڑکوں پر سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے مقامی حکام اور عوام کو چوکس رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔