متحدہ عرب امارات کی ٹی 10 لیگ میں شناکا نے محض 3 گیندوں پر 30 رنز لٹانے کا کارنامہ سرانجام دیا، اوور میں مجموعی طور پر 33رنز دئیے۔
متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی 10 لیگ میں 29 نومبر کو دہلی بلز اور بنگلا ٹائیگرز کی ٹیموں کے مابین میچ میں بلز کی بیٹنگ کے دوران بنگلا ٹائیگرز کی جانب سے سری لنکا کے سابق کپتان داسن شناکا نے 9 واں اوور کروایا اور پہلے 3 گیندوں پر 30 رنز بنوا ڈالے۔
نویں اوور کی پہلی گیند پر بیٹر نکھل چوہدری نے شناکا کو چوکا مارا جبکہ دوسری گیند نوبال ہو گئی اور اس پر بھی چوکا لگا، اس کے بعد شناکا نے اگلی گیند پھر نوبال کروا دی اور اس پر بھی نکھل نے چوکا دے مارا، اس طرح اوور کی صرف ایک گیند پر ہی 14رنز بن گئے۔
شناکا نے ایک بار پھر گیند کروائی جس پر بھی چوکا لگ گیا جبکہ اوور کی تیسری گیند پر بیٹر نے چھکا دے مارا، اس کے بعد شناکا نے ایک اور نوبال کروا دی تاہم خوش قسمتی سے اس گیند پر کوئی بانڈری نہیں لگی، لیکن یہ معاملہ رک نہیں سکا۔
سابق سری لنکن کپتان شناکا کی اگلی گیند پھر نوبال ثابت ہوئی اور اس کے ساتھ چوکا بھی لگ گیا، یوں اوور کی 3 لیگل گیندیں ہی مکمل ہو پائیں اور ان پر مجموعی طور پر 30 رنز بن چکے تھے۔
اس کے بعد شناکا نے قدرے بہتر بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور اوور کی آخری 3 گیندوں پر صرف 3 رنز ہی دئیے، تاہم ان کے اس اوور میں مجموعی طور پر 33 رنز بنے۔