امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ ڈالر کے متبادل کرنسی لانے پر برکس ممالک کو خطرناک معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ برکس ممالک نہ تو اپنی کرنسی لائیں نہ ہی ڈالر کے متبادل کرنسی کی حمایت کریں، اگر ایسا کیا گیا تو ان پر 100 فیصد ٹیکس عائد کر دیا جائے گا۔
نو منتخب امریکی صدر نے عالمی معیشت میں امریکی ڈالر کے متبادل کسی بھی کرنسی کے امکان کو یکسر مسترد کر دیا، انہوں نے کہا ہے کہ متبادل کرنسی کا استعمال کرنے والے ملک کو امریکا کی منڈیوں تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق برکس ممالک کی جانب سے ڈالر کے بجائے اپنی کرنسی میں تجارت کرنے کے ایک منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے، جس پر امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں برکس اتحاد میں شامل ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے پر برکس ممالک کو خطرناک معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یاد رہے کہ برکس برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقا کے ممالک پر مشتمل ایک گروپ ہے، رواں برس برکس میں عرب امارات، ایران، مصر اور ایتھوپیا نے بھی شمولیت اختیار کر لی تھی۔