سر درد کی دوا ڈسپرین کا کپڑوں کی دھلائی میں استعمال عجیب لگتا ہے تاہم کئی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ یہ جگاڑ انتہائی کارگر ثابت ہوتا ہے۔
واشنگ مشینوں میں کپڑوں کی دھلائی کیلئے بہترین ڈٹرجنٹ استعمال کرنے کے باوجود یہ یقینی بنانا تقریبا ناممکن ہوتا ہے کہ سفید کپڑوں کی چمک برقرار رہے، تاہم حیرت انگیز طور پر سر درد کی عام دوا ڈسپرین ایک ایسی چیز ہے جو کپڑے دھلائی کا سردرد بھی دور کر دیتی ہے۔
عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ ہر دھلائی کے بعد وقت کے ساتھ ساتھ سفید کپڑے پھیکے اور سرمئی ہوتے جاتے ہیں، اسے روکنا اب بہت آسان ہے، اس کیلئے آپ ڈسپرین استعمال کریں۔
واشنگ مشین میں کپڑے ڈالنے کے ساتھ ڈسپرین کی325 ملی گرام کی 5 گولیاں بھی ڈالیں، یہ ایسا جادو دکھائیں گی جس سے کپڑوں کا رنگ کبھی بھی پھیکا نہیں پڑے گا۔
اس کیلئے بہتر یہ ہے کہ گولیاں ایک بڑے پیالے یا گرم پانی کے ٹب میں ڈالیں پھر اس پانی کو اس وقت تک ہلائیں جب تک کہ تمام گولیاں مکمل طور پر پانی میں تحلیل نہ ہو جائیں۔
یہ یقینی بنانے کے لیے کہ گولیاں تیزی سے حل ہو جائیں، آپ انہیں پانی میں ڈالنے سے پہلے ریزہ ریزہ کر لیں، اس کے بعد کپڑوں کو ڈسپرین والے پانی کے ٹب میں ڈالیں اور انہیں آٹھ گھنٹے تک بھگو دیں، آپ واشنگ مشین میں بھی ڈسپرین کی گولیاں شامل کر سکتے ہیں لیکن بھگونے کا طریقہ زیادہ بہتر ہے۔
ڈسپرین والے پانی کے ٹب میں کپڑوں کو بھگونے کے بعد آپ انہیں واشنگ مشین میں ویسے ہی دھونے کیلئے ڈال دیں جیسا آپ عام طور پر دھوتے ہیں۔ اس طریقہ کار سے آپ کپڑوں کی صفائی میں واضح فرق دیکھیں گے۔