اداکارہ ثمینہ احمد

اداکارہ ثمینہ احمد کے شادی کے فیصلے پر بچے بھی حیرت زدہ۔۔۔؛ اماں کو کیا ہو گیا؟

پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے بتایا کہ اداکار منظر صہبائی نے انہیں اچانک شادی کی پیشکش کی جس پر وہ حیران رہ گئیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے اپنی اداکاری اور شادی شدہ زندگی کے بارے میں انکشاف کیا کہ منظر صہبائی کی شخصیت ان کے لیے بہت دلچسپ رہی۔ وہ دونوں ایک ڈرامے میں میاں بیوی کا کردار ادا کر رہے تھے، اس دوران شوٹنگ کے بعد ان کے درمیان بات چیت شروع ہوئی جو دوستی میں بدل گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک دن منظر صہبائی نے اچانک شادی کی پیشکش کی جس پر وہ حیران رہ گئیں اور جواب دینے کے بجائے سوال کیا کہ کیا واقعی ہمیں شادی کرنی چاہیے؟ اس پر منظر نے پراعتماد انداز میں کہا کہ وہ یہی محسوس کرتے ہیں، جس پر انہوں نے بھی نکاح کے لیے رضامندی ظاہر کر دی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے بچے بیرون ملک مقیم ہیں اور جب ان کو بتایا کہ وہ شادی کرنے کی خواہش رکھتی ہیں تو اس پر ان کے بچے حیرت زدہ ہو گئے اور مذاق میں کہا، اماں کو کیا ہو گیا؟ تاہم شادی کے بعد ان کی تنہائی ختم ہو گئی اور اب گھر جاتے ہوئے انہیں یہ احساس ہوتا ہے کہ گھر میں کوئی ان کا منتظر ہو گا۔

ثمینہ نے مزید کہا کہ حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے بے بی باجی کی بہوئیں کی مقبولیت نے حیران کر دیا ہے۔ بیرون ملک سے وطن واپسی پر ائیرپورٹ پر مداحوں کی جانب سے بے بی باجی کے نعرے سن کر بہت زیادہ خوشی ہوئی۔

یہ واضح رہے کہ ثمینہ اور منظر نے اپریل 2020 میں لاہور میں سادگی سے نکاح کیا تھا ۔ ثمینہ نے 18 سال کی عمر میں پی ٹی وی پر اداکاری کا آغاز کیا اور اپنے کیریئر میں کئی یادگار ڈرامے کیے۔

ان میں اکڑ بکڑ، الف نون، فیملی فرنٹ اور آنگن شامل ہیں۔ منظر صہبائی نے بھی اپنے کیریئر میں ماہ میر، بول اور زندہ بھاگ جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں