یوٹیوب نے مقبول پاکستانی کانٹینٹ کریئٹرز کی فہرست جاری کر دی، جس میں ڈکی بھائی اور سسٹرولوجی پانچویں اور چھٹے نمبر پر آ گئے۔
یوٹیوب کی طرف سے پاکستان میں 2024 کے سب سے زیادہ مقبول کانٹینٹ کریئٹرز کی جاری کردہ فہرست ملک کے ڈیجیٹل منظرنامے کی بدلتی تصویر پیش کرتی ہے۔
یوٹیوب کی اس سال کی فہرست تین کیٹیگریز پر مشتمل ہے جن میں ٹاپ ٹرینڈنگ ویڈیوز، ٹاپ میوزک ویڈیوز، اور ٹاپ کریئٹرز شامل کئے گئے ہیں جو پاکستانی ناظرین کی دلچسپیوں اور مواد کی تخلیق کے رجحانات کو نمایاں کرتے ہیں۔
یوٹیوب نے ٹاپ کریئٹرز کی فہرست میں ایسے افراد شامل کئے ہیں جو اپنی تخلیقی صلاحیت اور لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر کے انٹرٹینمنٹ بھرے مواد سے لاکھوں ناظرین کو متاثر کرتے ہیں۔
ان میں رجب کی فیملی، انایا ایشال فیملی، ارشد ریلز، اور ڈاکٹر امتیاز احمد جیسے چینلز شامل کئے گئے ہیں، جو مختلف موضوعات جیسے فیملی وی لاگنگ، لائف اسٹائل، صحت اور تعلیمی مواد کا احاطہ کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ یوٹیوب ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو کریئٹرز کو سامعین کے ساتھ جڑنے، کمیونٹیز بنانے اور اپنے کاروبار کو بڑھانے کا موقع دیتا ہے۔ اس سال ایسے کریئٹرز کی تعداد میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے جو یوٹیوب سے سالانہ 10 ملین روپے یا اس سے زیادہ بھی کماتے ہیں۔
2024 کے مقبول ترین کریئٹرز میں پاکستان سے رجب کی فیملی فہرست میں پہلے نمبر، انایا ایشال فیملی دوسرے، ارشد ریلز تیسرے، یو آر کرسٹیانو چوتھے، ڈکی بھائی پانچویں اور سسٹرولوجی چھٹے نمبر پر ہیں۔ یاد رہے کہ اس فہرست میں ڈکی بھائی اور سسٹرولوجی تنزلی کا شکار ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں ٹاپ میوزک ویڈیوز نے موسیقی کی عالمی یکجہتی کی عکاسی کی، جن میں پنجابی، بالی ووڈ اور پاکستانی گانے بھی شامل ہیں۔ ان گانوں نے سرحدوں سے بالاتر ہو کر سامعین کو اپنی جانب متوجہ کئے رکھا۔
دوسری جانب مقبول ویڈیوز کی فہرست میں مقامی ڈرامے، جیسے عشق مرشد، جان نثار اور کبھی میں کبھی تم ٹاپ تھری میں شامل کئے گئے ہیں۔