بھارت میں ڈومیسٹک سطح پر کھیلی جانے والی سید مشتاق علی ٹرافی میں بروڈا کی ٹیم نے ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔
بروڈا نے سیکیم کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 349رنز بناتے ہوئے ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے اپنے نام کر لیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اکتوبر میں نیروبی میں گیمبیا کے خلاف کھیلتے ہوئے زمبابوے کی ٹیم کے 4 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے تھے، اس میچ میں 27 چھکوں کا ریکارڈ بھی بنا تھا، بروڈا نے مجموعی طور پر 37 چھکے لگا کر ٹی 20 کا ایک اور ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
بروڈا کی ٹیم کو میچ میں کو ششوت راوت اور ابھیمنیو سنگھ راجپوت نے 92 رنز کی شاندار اوپننگ پارٹنر شپ دی، بھانو پانیا نے صرف 42 گیندوں پر سنچری بنائی، ان کی 134 رنز کی اس اننگز میں 15 چھکے اور پانچ چوکے بھی شامل تھے۔ بیٹر نے اپنی پہلی نصف سنچری 20 گیندوں پر جبکہ اگلی نصف سنچری 22 گیندوں پر مکمل کی۔
دوسری طرف پانیا کی ٹی ٹوئنٹی ڈومیسٹک کی 39 اننگز میں یہ پہلی سنچری تھی، انہوں نے 51 گیندوں پر 134 رنز بنائے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 262.75 رہا۔ بروڈا کی جانب سے نہ صرف سب سے بڑا اسکور تھا بلکہ سب سے زیادہ 37 چھکے مارنے کا بھی ریکارڈ بنا ڈالا۔
بروڈا کے شیوالک نے 17 گیندوں پر 55 رنز جبکہ سولنکی نے 16 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ 350 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سیکیم کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 86 رنز ہی بنا سکی۔اس طرح بروڈا نے سیکیم کے خلاف یہ میچ 263 رنز سے جیت لیا، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں یہ رنز کے لحاظ سے چوتھی بڑی جیت رہی۔