اگر موبائل فون چارج کرتے وقت صحیح طریقہ استعمال نہ کیا جائے تو اس کی کارکردگی پر فرق پڑتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بیڑی کی عمر بھی کم ہو جاتی ہے۔
اس وقت سمارٹ فون ہر فرد کی ایک ناگزیر ضرورت بن چکا ہے، آپ نے اسے اگر استعمال کرنا ہے تو یقینی طور پر چارج بھی کرنا ضروری ہوتا ہے، جس طرح ہر کام کو سرانجام دینے کا ایک خاص طریقہ کار ہوتا ہے، ایسے ہی اسے چارج کرنے کے لئے بھی ایک باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے۔
اگر موبائل فون چارج کرتے ہوئے صحیح طریقہ سے یہ کام نہ کریں تو اس کی کارکردگی پر بہت زیادہ فرق پڑتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بیڑی کی عمر بھی کم ہونے کے علاوہ بجلی بھی ضائع ہو جاتی ہے۔
یہاں ہم آپ کو بتائیں گے کہ سمارٹ فون کو چارج کرتے وقت ذرا سی بے احتیاطی سے ہم عام طور پر کون کون سے بڑی غلطیاں کرتے ہیں۔
آج کل استعمال ہونے والی بیڑیاں ایک خاص قسم کے چارجنگ سائیکل سسٹم کے تحت بنائی جاتی ہیں تاکہ وہ طویل عرصہ تک کارآمد رہ سکیں، اس لئے ان کو صحیح طریقہ کار سے چارج کرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔
سب سے پہلے تو آپ یہ بات یاد رکھیں کہ چارجر اس وقت بھی بجلی استعمال کر رہے ہوتے ہیں جب وہ بجلی کی ساکٹ میں لگے ہوں چاہے آپ فون چارجنگ نہ کر رہے ہوں، اس لئے اگر آپ نے چارجنگ نہیں کرنی تو فوری طور پر چارجر کو ساکٹ سے نکال دیا جائے۔
فون کو چارج کرتے وقت ہر بار اسے 100فیصد چارج کرنا ضروری نہیں ہوتا بلکہ اس کی بجائے اگر آپ اسے 80سے 90فیصد تک چارج کریں تو اس سے بیڑی کی عمر میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ جلد خراب بھی نہیں ہوتی۔
بیڑی کی چارجنگ کو کبھی بھی مکمل طور پر ختم نہ ہونے دیں کیونکہ اس سے چارجنگ سائیکل سسٹم خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ فون کو کبھی بھی ساری رات چارجنگ پر نہ لگائیں، ایسا کرنے سے بجلی ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ موبائل فون ڈیڈ بھی ہو سکتا ہے۔
کبھی بھی اپنے فون کو چارجنگ کے دوران استعمال نہ کریں، کیونکہ ایسا کرنے سے بیڑی کو دو کام کرنے پڑتے ہیں، جس سے بیڑی جلد خراب ہو سکتی ہے۔
فونز کے کور اگرچہ انہیں خراش وغیرہ سے بچاتے ہیں لیکن چارجنگ کے وقت یہ نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں، کیونکہ دوران چارجنگ پیدا ہونے والی گرمائش فون کور کی وجہ سے خارج نہیں ہوتی، اس لئے بہتر ہے کہ چارجنگ کرتے وقت کور اتار دئیے جائیں۔
اس کے علاوہ ایک اہم ترین بات یہ ہے کہ چارجنگ کرتے وقت اچھے چارجر کا انتخاب بھی ضروری ہے کیونکہ بہترین چارجر فون اور بیٹری کی عمر بڑھانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔